نقب زنوں نے 30 کروڑ کا سونا لوٹ لیا

نقب زنوں نے 30 کروڑ کا سونا لوٹ لیا

شہر کی تاریخ کی سب سے بڑی واردات اورنگی ٹاؤن میں ہوئی،ملزمان 25لاکھ سے زائد مالیت کے ہیرے بھی لے اڑے ،دکان مالک کی مدعیت میں مقدمہ درجملزمان نے جیولری شاپ کی عقبی جانب سے سوراخ کیا،سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، وزیر داخلہ کا نوٹس،گرفتاری اور سامان کی واپسی کیلئے ٹیمیں بنانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہرقائد کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی واردات سامنے آ گئی، نامعلوم نقب زن جیولری شاپ کی دیوارتوڑکر 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا606 تولے سونا اور25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ہیرے لے اڑے ۔ واردات کا مقدمہ متاثرہ جیولرکی مدعیت میں نامعلوم نقب زنوں کے خلاف درج کرلیا گیا،جیولری شاپ میں نقب زنی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ۔واردات ڈسٹرکٹ ویسٹ کے اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 مین روڈ اقبال مارکیٹ میں واقع معروف جیولری شاپ پر انجام دی گئی متاثرہ جیولر ایوب خان نے واردات کا مقدمہ الزام نمبر26/41 اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کرادیا۔

جیولرایوب خان نے پویس کو بتایاکہ 12 فروری بروزجمعرات کی شب جیولری شاپ کے کاریگروں نے معمول کے مطابق جیولرشاپ بند کی تھی 14 فروری بروزہفتے کی صبح کاریگروں نے دکان کھولی تو جیولری کے متعدد باکس خالی نکلے۔کاریگروں نے نقب زنی کی واردات کی اطلاع بذریعہ فون دی جس پر میں اپنے گھر سے فوری دکان پہنچا دکان کے مین گیٹ کے شٹر سے اندر جاکر دیکھا تودکان کے عقبی حصے کی دیوار ٹوٹی ہوئی تھی دکان کے اندر جیولری کا سامان چیک کیا تو کافی باکس خالی ملے دکان کے پیچھے جا کردیکھا تو دکان کی دیوار ٹوٹی ہوئی تھی ہمارا ذاتی سونے سے بنا ہوا سامان 7 ہزار 64 گرام غائب تھا کچھ ہیرے اور دیگر سامان بھی غائب تھا جس کی مالیت 25 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

چوری کیے جانے والے سامان میں کسٹمرز کا بھی سامان تھا ،پولیس کی جانب سے مقدمے کے اندارج کے بعد بڑی نقب زنی کی واردات کی تفتیش شروع کردی گئی۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیولری شاپ کی عقبی جانب سے کیا گیا سوراخ پہلے چھوٹا تھا اور نقب زن نے سر کے بل جیولری شاپ میں داخل ہونے کی کوشش کی اور نقب زن سوراخ میں پھنس گیا۔سوراخ مزید بڑا کرکے نقب زن جیولری شاپ میں پیروں کی جانب سے داخل ہوا، واردات میں ملوث نقب زن نے چہرے میں کپڑا لپیٹ کر چہرا چھپایا ہوا ہے جیولری شاپ میں داخل ہوتے ہی ملزم نے کیمرے پر کپڑا لگایا۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعہ کی فوری اور مفصل رپورٹ طلب کرلی۔ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ واردات میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور لوٹے گئے مال کی برآمدگی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔شہر میں جیولری مارکیٹس اور حساس تجارتی مراکز کی سکیورٹی مزید موثر اور سخت بنائی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں