نوشہرو:حادثات کے بعد ڈپٹی کمشنر کااجلاس، قومی شاہراہ پرکام کا جائزہ

نوشہرو:حادثات کے بعد ڈپٹی کمشنر کااجلاس، قومی شاہراہ پرکام کا جائزہ

قومی شاہراہ اتھارٹی کی بریفنگ، 7ماہ میں 41اموات پر اجلاس کا اظہار تشویشکام تیز، ٹریفک قوانین پرعمل، حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں، ارسلان سلیم

پڈعیدن(نمائندہ دنیا)مسلسل حادثات کے بعد ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم کی صدارت اجلاس ہوا، جس میں مورو سے رانی پور تک قومی شاہراہ کی تعمیر، مرمت اور جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو قومی شاہراہ اتھارٹی اور دیگر اداروں نے تفصیلی بریفنگ دی اور ہدایت کی کہ تعمیری سرگرمیوں میں معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جانی اور مالی نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قومی شاہراہ پر وارننگ لائٹس اور سائن بورڈز نصب کیے جائیں، اور ہر کلومیٹر کے فاصلے پر اسٹریٹ لائٹس اور احتیاطی بورڈز لگائے جائیں تاکہ رات کے وقت سفری سہولت اور حفاظت یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ، چالان اور جرمانے نافذ کیے جائیں، اور سنگین خلاف ورزی کی صورت میں ایف آئی آر درج کی جائے تاکہ انسانی جانیں محفوظ رہ سکیں۔ ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک قوانین کے نفاذ میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، 7 ماہ کے دوران ضلع میں حادثات میں 41 انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے اس پر تشویش اور دکھ کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں