اسمگلروں کے تعاقب میں کسٹم کی گاڑی کو حادثہ،4اہلکارزخمی
تعاقب کے دوران اسمگلرز کی گاڑی نے کسٹم کی گاڑی کو ٹکر ماری اور فرار ہو گئےکسٹم قوانین کے برعکس کسٹم کی گاڑی میں کوئی افسر موجود نہ تھا،ذرائع کا دعویٰ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اسمگلروں کے خلاف ایک مبینہ کارروائی کے دوران کسٹمز کی گاڑی خوفناک حادثے میں تباہ ہو گئی ، جس کے نتیجے میں اہلکار بھی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ہمدرد چیک پوسٹ پر کسٹمز اہلکاروں نے اسمگلرز کی گاڑی مبینہ طور پر روکنے کی کوشش کی تھی، تاہم اسمگلرز فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، تعاقب کے دوران اسمگلرز کی گاڑی نے کسٹم کی گاڑی کو ٹکر ماری اور فرار ہو گئے ۔اس حادثے میں کسٹمز کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے ، ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے دوران کسٹم قوانین کے برعکس کسٹم کی گاڑی میں کوئی افسر موجود نہ تھا، جب کہ کسٹم قانون کے تحت خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی میں افسر کی موجودگی ضروری ہے ۔اس حادثے میں گاڑی میں موجود 4 اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے ، ایک کسٹمز سپاہی حادثے میں شدید زخمی ہوا ہے جسے وینٹیلیٹر پر ڈال دیا گیا ہے ، ایک سپاہی کی پسلی اور ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں۔ حادثے کے وقت گاڑی میں ڈرائیور سمیت 4 اہلکار موجود تھے ۔خیال رہے کہ ہمدرد چیک پوسٹ پر چھالیہ اور ڈیزل کی اسمگلنگ میں اضافے کے باعث کسٹمز انفورسمنٹ کی کارکردگی پر اعلیٰ افسران پریشانی کا شکار ہیں۔کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلرز کے خلاف کارروائی مصدقہ اطلاع پر کئی گئی تھی، حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اسمگلرز کے تعاقب اور حادثے کے وقت کسٹمز افسر دوسری گاڑی میں موجود تھا۔