ٹریفک جام منظم بحران ، شہری زندگی مفلوج، ایم کیو ایم
ناقص مینجمنٹ وٹوٹی سڑکوں سے معیشت کی رفتار تھم گئی ،اراکین سندھ اسمبلی اسمارٹ سگنلز، ڈیجیٹل روٹ مینجمنٹ اور متبادل راستوں کیلئے اقدامات کا مطالبہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کہا کہ کراچی میں روزانہ لگنے والے ٹریفک جام اب وقتی خلل نہیں بلکہ ایک منظم شہری بحران کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔بیان میں حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے اسے شہری زندگی پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بندش ،ناقص ٹریفک مینجمنٹ اور بے ہنگم تجاوزات نے ملک کے سب سے بڑے شہر کو جام کر دیا ہے ۔شہر کی مرکزی شاہراؤں ،صنعتی علاقوں ،تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کے اطراف روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ۔ ایمبولینسز کی تاخیر طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں خلل، مزدور کی اجرت کا ضیاع اور تاجروں کا بڑھتا ہوا نقصان اس بحران کے نمایاں مظاہر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی سڑکیں بند ہوں تومعیشت کی رفتار بھی تھم جاتی ہے ۔حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے واضح کیا کہ غیر قانونی تجاوزات، غیر منصوبہ بند کھدائیاں، ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکیں ،غیر قانونی پارکنگ ناکافی نفری اور غیر تربیت یافتہ ٹریفک عملہ بحران کی بنیادی وجوہات ہیں جبکہ حکومتی سطح پر محض بیانات اور فائلوں میں بننے والے منصوبے زمینی حقائق بدلنے میں ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز اور مستقل کارروائی اسمارٹ ٹریفک سگنلز نگرانی کیمروں اور ڈیجیٹل روٹ مینجمنٹ جیسے جدید نظام کا فوری نفاذ سمیت تمام تعمیراتی منصوبوں کے لیے واضح ٹائم لائن اور متبادل راستے لازم قرار دیے جائیں ۔