باندھی شوگر ملز:ٹرالیوں کے باعث راستوں کی بندش معمول

باندھی شوگر ملز:ٹرالیوں کے باعث راستوں کی بندش معمول

ٹریفک روانی بری طرح متاثر، شہریوں کوگزرنے میں شدید مشکلات درپیشاسکول جاتے طلبا، ڈیوٹی پرجانے والے زیادہ پریشان، علیحدہ سڑک کا مطالبہ

باندھی (نامہ نگار)باندھی شوگر مل ٹریفک کے لیے وبالِ جان بن گئی، باندھی میں شوگر مل چلنے کے دوران شہر کے تمام اہم راستے گنے سے لدی ٹرالیوں کی طویل قطاروں کے باعث بند رہنا معمول بن گئے ہیں، جس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شوگر مل کے کرشنگ سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی شہر اور گردونواح کی سڑکوں پر گنے سے بھری ٹرالیاں کھڑی رہنے لگی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ شہر کے اندرونی راستوں سمیت مہران ہائی وے پر بھی اکثر ٹریفک جام رہتا ہے ، جس کی وجہ سے دور دراز سفر کرنے والے مسافر سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ٹرالیاں سڑکوں پر قطار در قطار کھڑی رہتی ہیں، جس سے اسکول جانے والے طلبہ، سرکاری دفاتر میں ڈیوٹی پر جانے والے ملازمین اور عام شہریوں کو تاخیر اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں اور مہران ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ شوگر مل انتظامیہ فوری طور پر مل کے قریب بڑا سرکل (چوک) تعمیر کرے اور شوگر مل کے لیے علیحدہ سڑک بنائی جائے تاکہ عوام کو اس مستقل عذاب سے نجات دلائی جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں