پھل، سبزیوں کے سرکاری نرخ جاری، عملدرآمد نظر نہ آیا

پھل، سبزیوں کے سرکاری نرخ جاری، عملدرآمد نظر نہ آیا

حیدر آباد، سکھر، روہڑی، لاڑکانہ، بدین سمیت دیگر علاقوں میں شہری لٹتے رہےکئی دکانداروں، ٹھیلے والوں کے پاس لسٹ نایاب، تلخ کلامی کے واقعات ہوئے

حیدرآباد، اندرون سندھ (نمائندگان) مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے فروٹ اور سبزیوں کے سرکاری نرخ تو جاری کر دیے گئے ہیں، مگر ان پر عملدرآمد کہیں دکھائی نہیں دیا۔ حیدر آباد، سکھر روہڑی، لاڑکانہ، بدین، سانگھڑ، مٹیاری، سجاول سمیت دیگر شہروں میں شہری لٹتے دکھائی دیئے ، اور تلخ کلامی کے واقعات پیش آئے۔ حیدر آباد میں کسی پھل فروش کے پاس لسٹ ہی نہیں اور اگر کسی کے پاس ہے بھی تو واضح آویزاں نہیں کی، شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئی باقاعدہ نگرانی نہیں ہو رہی ہے ۔ مارکیٹ میں خریداروں اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ سکھر میں بھی پھلوں کے نرخ آسمان پر پہنچ گئے ، فروٹ روزہ دار عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکے ہیں۔ ماہ رمضان کی آمد کیساتھ ہی کھجور کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے ۔ روہڑی میں بھی زائد نرخ وصول کئے گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مارکیٹوں کا دورہ کیا، اور گراں فروشی پردکانداروں کو انتباہ کیا۔ لاڑکانہ میں ریڑھی بانوں اور مختلف دکانداروں سے اشیائے خورونوش، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔ زائد نرخ وصول کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد کیے ۔ بدین کے علاقے پنگریو میں مصنوعی مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ سبزی منڈیوں، کریانہ اسٹورز، گوشت کی دکانوں اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں معمول سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں، جس سے عام شہریوں کو سحری اور افطاری کی خریداری میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں