حیدر آباد:سائٹ، امریکن کوارٹر میں سرعام منشیات فروشی جاری

حیدر آباد:سائٹ، امریکن کوارٹر میں سرعام منشیات فروشی جاری

متعلقہ تھانوں کی ملی بھگت سے آئس، ہیروئن، گٹکا، مین پوری بیچی جارہی، شہریرمضان المبارک میں شہریوں نے ایس ایس پی سے کارروائی کا مطالبہ کردیا

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)حیدرآباد کی حدود حالی روڈ، سائٹ امریکن کوارٹر میں منشیات فروشوں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے ، جہاں متعلقہ تھانوں کی مبینہ ملی بھگت سے آئس، ہیروئن ، انڈین گٹکا،مین پوری کی فروخت جاری ہے ۔رمضان المبارک میں شہریوں نے ایس ایس پی سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے مختلف تھانوں کی حدود حالی روڈ کے علاقوں امریکن کوارٹر، بدین چالی ودیگر اور سائیٹ تھانے کی حدود زیل پاک کالونی، لیبر کالونی و ملحقہ علاقوں میں کھلے عام منشیات آئس، چرس ہیروئن، انڈین گٹکے کی فروخت جاری ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے ۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق متعلقہ علاقوں میں پولیس بیٹرزکو منشیات کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے اور مبینہ طورپر 30 لاکھ سے زائد ہفتہ وصول کیا جاتاہے ۔گھناؤنے کاروبار میں پولیس کے ملوث ہونے سے نوجوان نسل گلے کے کینسر اور جان لیوا امراض میں مبتلا ہورہی ہے ۔ دوسری جانب ایس ایچ او حالی روڈ ہاشم بروہی نے اپنا موقف دینے سے انکار کیا اور لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔ شہریوں نے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی حیدرآباد ریجن طارق رزاق دھاریجو، نئے تعینات ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف موثر کارروائی کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں