ٹیکسٹ بورڈ52 :لاکھ درسی کتب کے سیٹس تیار، تقسیم شروع
وزیر تعلیم نے افتتاح کیا، نئے سیشن میں طلباکے ہاتھ کتاب ہوگی، سردار شاہبچوں پرکتابوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے نصاب کو مزید بہتر بنایا جائے گا، گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ نے درسی کتب کی اشاعت کا مقررہ ہدف کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے تعلیمی سال 27-2026 کے لیے 52 لاکھ درسی کتب کے سیٹس تیار کر لیے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کتب کی تقسیم کے عمل کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے پہلے روز ہر طالب علم کے ہاتھ میں نئی کتاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پر نصابی بوجھ کم کرنے اور معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم کی مشاورت سے درسی کتب کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔گورنمنٹ گرلز لوئر سیکنڈری اسکول، نیلم کالونی، کلفٹن میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ٹیکسٹ بورڈ نے تعلیمی سال 27-2026 کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹیکسٹ بک سیریز کے تحت ارلی چائلڈ ایجوکیشن کلاس سے لیکر دسویں جماعت تک نصابی کتب کی اشاعت مکمل کی ہے ۔ کتب کو سندھی، اردو اور انگریزی زبانوں میں شائع کیا گیا۔صوبائی وزیر تعلیم نے درسی کتب کی بروقت اشاعت پر سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی نے کہا کہ یونیسکو نے سندھ کے نصاب کو موسٹ انکلوسو قرار دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نصاب کو لرننگ ٹو ارننگ مکینزم کے مطابق بنانے کے لیے کام جاری ہے ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر تعلیم نے درسی کتب تقسیم کیں۔