ایران پر حملے عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں، کاشف سعیدشیخ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے حملے ریاستی خودمختاری پر براہِ راست حملہ اور عالمی قانون، سفارتی اقدار اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی شہادت صرف ایک سیاسی واقعہ نہیں بلکہ عالمی نظام کی ناکامی کا کھلا اعلان ہے ۔ عالمی شیطان امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے برادر ملک ایران پر کھلی جارحیت نے دنیا کے امن کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا اور عالمی جنگ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ایران پر حملوں اور اس کی قیادت کی شہادت نے خطے کو ایک نئے بحران کی طرف دھکیل دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباءآڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف بلاجواز جنگ شروع کرنے سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ دنیا میں عالمی قوانین، ضابطے اور اصول طاقت کے سامنے بے بس ہیں۔ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت سے نہ صرف پورا خطہ بلکہ پوری دنیا مزید غیر یقینی، پرتشدد اور خطرناک دور میں داخل ہو سکتی ہے ۔