وحدت مسلمین کا یومِ سوگ، مجالس اور دعائیہ تقریبات

وحدت مسلمین کا یومِ سوگ، مجالس اور دعائیہ تقریبات

آیت اللہ خامنہ ای کو خراجِ عقیدت،اقوام متحدہ سے دہرا معیار ترک کرنے کا مطالبہریاستی اداروں نے معصوم شہریوں پر گولیاں برسا کر ناقابلِ معافی جرم کیا،مقررین

کراچی (این این آئی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کی جانب سے رہبرِ معظم سمیت دیگر شہادتوں پر یومِ سوگ منایا گیا۔ اس موقع پر سندھ سمیت کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں مجالس، تعزیتی اجتماعات اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں جن میں علما کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی،صوبائی رہنما علامہ حیات عباس نجفی، کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ صادق جعفری سمیت مقررین نے پرامن احتجاج پر گولیاں برسانے کو سنگین بربریت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے حوالے سے ہمارے حکمرانوں کی منافقانہ پالیسی آشکار ہو چکی ہے ۔ رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای عالم اسلام کے نڈر رہنما تھے ۔پوری دنیا ان کی دینی، فکری اور مزاحمتی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کے جارحانہ استعمال، اقتصادی دبا ؤاور فوجی مداخلت نے طاغوتی طاقتوں کے خلاف عالمی نفرت میں اضافہ کیاہے ۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور بااثر ممالک دوہرے معیار کرتے ترک کرتے ہوئے انصاف پر مبنی موقف اختیار کریں۔ تقاریب کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی،ایران کی فتح یابی ، امتِ مسلمہ کے اتحاد، فلسطین اور خطے کے مظلوم عوام کی نصرت اور عالمِ اسلام میں پائیدار امن کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مظلوم اقوام کی اخلاقی و سیاسی حمایت، قومی یکجہتی اور پرامن جدوجہد کے اصولوں پر ثابت قدم رہیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں