کے ڈی اے میں ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن منصوبے پر بریفنگ
ڈی جی آصف جان صدیقی سے ٹیل کنیکٹ کمپنی کے عہدیداروں کی ملاقاتپہلے مرحلے میں لینڈ ڈپارٹمنٹ کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور مانیٹرنگ ہوگی
کراچی(اے پی پی)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی سے سوک سینٹر میں ٹیل کنیکٹ(Telconet)کمپنی کے عہدیداران نے ملاقات کی ۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران ادارے میں موجود شہریوں کے ریکارڈ کو جدید کمپیوٹرائزڈ نظام سے منسلک کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔واضح رہے کہ مارچ 2025 میں شائع کئے گئے اوپن ٹینڈر میں کامیاب بولی کے بعد ٹیل کنیکٹ کمپنی کے ساتھ مجوزہ معاہدہ تشکیل دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں ادارے کے تمام دستیاب ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کے ساتھ لینڈ ڈپارٹمنٹ میں جاری کارروائیوں کی براہِ راست مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔
جبکہ تمام ریکارڈ کو محفوظ آرکائیو کی شکل میں مرتب کرکے شہریوں کو گھر بیٹھے اپنے اثاثوں سے متعلق معلومات تک رسائی فراہم کی جائے گی۔دوسرے مرحلے میں ایک موثر فائل ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت بارکوڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے فائلوں کی بروقت ٹریکنگ اور فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔اس سلسلے میں کمپنی کی جانب سے ادارے میں ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں مجوزہ ڈیجیٹلائزیشن اور فائل ٹریکنگ سسٹم کے مکمل طریقہ کار کا عملی مظاہرہ پیش کیا جائے گا۔ ورکشاپ کے بعد منصوبے کی باقاعدہ منظوری کے لیے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔