حیدر آباد:ہزاروں ریٹائرڈ ملازم رواں ماہ کی پنشن سے محروم

حیدر آباد:ہزاروں ریٹائرڈ ملازم رواں ماہ کی پنشن سے محروم

ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کی لاپروائی،پنشنرز شدید مالی مشکلات کا شکار ہوگئےنیا سسٹم متعارف کرانے سے تاخیر، 1،2دن میں ادا کردینگے ،اکاؤنٹس آفیسر

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے افسران اور عملے کی لاپروائی ، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہزاروں پنشنرز پنشن سے محروم ہوگئے ، جس کے باعث غریب پنشنرز فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس حیدرآباد میں محکمہ تعلیم ، محکمہ صحت ، محکمہ پولیس ، محکمہ آبپاشی ودیگر محکموں کے ہزاروں پنشنرز رواں ماہ تاحال پنشن سے محروم ہیں۔ یکم تاریخ کو آنے والی پنشن تاحال ادا نہ ہونے سے پنشنرز ماہ مقدس رمضان المبارک میں شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

پنشنرز نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس میں پنشن میں تاخیر کردی گئی ہے ، جس کی ذمہ داری ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے عملے اور افسران پر عائد ہوتی ہے ،ان کی نااہلی اور تاخیر سے چیک جاری ہونے کے باعث تاحال پنشن ادا نہیں کی گئی۔ ادھر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر افتخار علی کے مطابق اے جی سندھ کی جانب سے سسٹم کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اورمائیکرو پیمنٹ گیٹ وے سسٹم متعارف کرایا گیا ہے ، جس کے باعث پنشن میں کراچی سے تاخیر ہے جو ایک دو روز میں ادا کردی جائیگی اور پنشنرز کے اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر ہوجائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں