پنگریو :درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے سلسلے میں مزید تیزی آ گئی
مافیا کو مبینہ طور پر بعض سیاسی شخصیات کی پشت پناہی حاصل، پولیس بھی ملوثحکومت، محکمہ جنگلات اور متعلقہ ادارے سخت اقدامات کریں، ماحولیاتی تنظیمیں
پنگریو (نمائندہ دنیا) پنگریو کے گرد و نواح میں ٹمبر مافیا کی جانب سے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کا سلسلہ جاری ہے ۔ پنگریو اور گردونواح میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں دن بدن تیزی آتی جا رہی ہے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق، پیلو اور دیگر قیمتی درختوں کو کاٹ کر ملک کے مختلف شہروں میں فروخت کے لیے بھیجاجا رہا ہے ، جبکہ پابندی کے باوجود درختوں کی کٹائی نہیں روکی جا سکی ہے ۔ ماحولیاتی ماہرین اور مقامی سماجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کٹائی سے علاقے کے ماحولیاتی توازن کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، جس کے نتیجے میں زمین کی زرخیزی میں کمی، حیاتیاتی تنوع میں کمی اور ماحولیاتی آفات کے خطرات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹمبر مافیا کو اس کاروبار میں مبینہ طور پر بعض سیاسی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے، جس کی وجہ سے قانونی کارروائی اور مانیٹرنگ میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔ مزید یہ کہ پولیس اہلکار بھی بعض مقامات پر مبینہ رشوت لے کر غیر قانونی کٹائی کی اجازت دے رہے ہیں، جس سے کارروائی کی رفتار سست ہو رہی ہے اور مافیا مزید پر اعتماد ہو رہا ہے ۔ ماحولیاتی تنظیموں نے حکومت، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اور سخت اقدامات کئے جائیں تاکہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر قابو پایا جا سکے ۔ سماجی رہنماؤں نے عوامی سطح پر بھی آگاہی مہم چلانے اور مقامی سطح پر نگرانی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔