روہڑی :دن، رات لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی، شہری پریشان
صرف سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں ’’ رمضان ریلیف‘‘ فراہم کیا جا رہا پہلے رات میں ایک بار بجلی بند ہوتی تھی، اب آتی ہی نہیں، شہری،نوٹس کا مطالبہ
روہڑی (نمائندہ دنیا) سیپکو سب ڈویژن روہڑی کی جانب سے سحر، افطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ میں ریلیف فراہم کرنے کی آڑ میں روہڑی شہر، علی واہن، اور گردو نواح میں دن، رات کے مختلف اوقات میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ معمول بنالی ، جس کے باعث تمام کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔ جبکہ رات میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے سبب شہری رات جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ ماہ رمضان شروع ہوتے ہی سیپکو کی جانب سے سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے بلند بانگ دعوے کرکے ریلیف دیا جا رہا ہے، لیکن اس کی آڑ میں دن کے مختلف اوقات میں روہڑی شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ طورپر گھنٹوں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ دیہی علاقوں علی واہن، لوکوشیڈ ودیگر علاقوں میں نماز تراویح کے بعد کئی کئی گھنٹوں کا طویل بریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، جس کے باعث مچھروں کی بہتات اور چوروں کے خوف سے شہری راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل رات میں ایک بار بجلی بند ہوتی تھی، لیکن اب رات بھر بجلی بند رہنے جاگتے رہنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب لوڈشیڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی بے سکونی سے کئی افراد ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہو کر بیمار پڑ رہے ہیں۔ شہریوں نے سیپکو چیف سے مطالبہ کیا کہ رات کے اوقات میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رکھی جائے۔