سابق ڈی جی ایس بی سی اے کے ناقابل ضمانت وارنٹ پر فریقین کو نوٹس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے احتساب عدالت کی جانب سے سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادر عرف کاکا کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے خلاف متفرق درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 مارچ تک جواب طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر افتخار شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ منظور قادر عدالت کی اجازت سے علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے تھے۔ درخواست گزار کینسر کے علاج کیلئے کینیڈا میں موجود ہیں اور عدالت نے انہیں3ماہ کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کینسر کا علاج طویل المدتی ہوتا ہے، اس لیے منظور قادر کو مزید6ماہ بیرون ملک قیام کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ مدت ختم ہونے پر احتساب عدالت نے درخواست گزار کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں اور ان کے گھر پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں عدالت کا نوٹس تو موصول ہوا ہے تاہم درخواست کی نقول فراہم نہیں کی گئیں۔