میر کرم علی روڈ کی بندش پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر کو نوٹس

میر کرم علی روڈ کی بندش پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر کو نوٹس

سڑک کی بندش سے رہائشیوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ،درخواست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے صدر میں میر کرم علی روڈ کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ، کے ایم سی، ٹی ایم سی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عمران گجر نے مؤقف اختیار کیا کہ ایمپریس مارکیٹ کے سامنے میر کرم علی تالپور روڈ کو بند کردیا گیا ہے ۔ ٹاؤن میونسپل انتظامیہ نے ایک نجی کمپنی کو ایک سال کے لیے سڑک ٹھیکے پر دے دی ہے اور اب اس مقام پر کیبن اور دیگر ڈھانچے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ سڑک کی بندش سے مقامی رہائشیوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سڑک منظوری کے بعد ہی ٹریفک کے لیے بند کی گئی ہوگی اور اب وہاں کیا سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس پر وکیل نے بتایا کہ سڑک پر کیبن وغیرہ بنائے جا رہے ہیں۔درخواست میں چیف سیکریٹری سندھ، کے ایم سی، ٹی ایم سی اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے ۔دوسری جانب ایم ٹی خان روڈ بند ہونے کے باعث اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے ۔ جناح برج، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہین کمپلیکس کے دونوں اطراف سڑکوں پر ٹریفک جام ہے جبکہ پی آئی ڈی سی، پاکستان چوک، کلفٹن برج بھی شدید متاثر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں