قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری ناگزیر، مشیر وزیراعلیٰ
انتظامی اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی اور شفاف نظام ضروری ہیں، گیان چند ایسرانی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا اجلاس ،انتظامی، مالیاتی تیاریوں پر غور
کراچی(این این آئی)مشیر وزیراعلیٰ سندھ برائے محکمہ بحالی گیان چند ایسرانی کی زیر صدارت صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے بورڈ کا 23واں اجلاس پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں سیکریٹری بحالی رفیق مصطفی شیخ، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس شاہ حسین شاہ سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں 22ویں بورڈ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف انتظامی، مالیاتی اور ہنگامی تیاریوں سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اے کے کنٹریکٹ ملازمین کے معاہدوں میں توسیع دینے کی تجویز پیش کی گئی جبکہ حکومت کی پالیسی کے مطابق تنخواہوں میں بھی اضافے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ میں موجود رقم کی سرمایہ کاری پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر گیان چند ایسرانی نے ہدایت دی کہ مون سون سے قبل تمام مشینری اور ریسکیو آلات مکمل طور پر فعال ہونے چاہئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری امداد فراہم کی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو مضبوط اور موثر ادارہ بنانے کے لیے انتظامی اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی اور شفاف نظام ناگزیر ہیں اور سندھ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری انتہائی ضروری ہے ، حکومت سندھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔