میرپور خاص:ٹریفک حادثہ،ہندو خاندان کے 3افراد چل بسے

میرپور خاص:ٹریفک حادثہ،ہندو خاندان کے 3افراد چل بسے

4زخمی، 2کی حالت نازک، پولیس نے مسافر کوچ،ڈرائیور کو تحویل میں لے لیاہلاک و زخمی ہونیوالے کولہی برادری کے افراد شادی میں شرکت کیلئے جا رہے تھے

میرپور خاص (بیورورپورٹ ) شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والا ہندو خاندان حادثے کا شکار ہوگیا، ماں اور دو بیٹے ہلاک، 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق میرواہ گورچانی کے قریب گاؤں چودھری غلام محمد آرائیں میں تیز رفتار مسافر کوچ نے سامنے سے آنے والی دو موٹر سائیکلوں اور ایک چنگچی رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت ایک خاتون انتقال کر گئی۔جبکہ چار افراد زخمی ہوئے ۔ پولیس کے مطابق انتقال کرنے والوں میں کلیش ولد رمیش کولہی عمر 4 ماہ، راجا ولد لال چند کولہی عمر 4 سال اور گومی زوجہ لال چند کولہی عمر 25 سال شامل ہیں۔ جبکہ زخمیوں میں 5 سالہ راہول ولد لال چند کولہی، 30 سالہ لال چند ولد پرتاب کولہی ، 28 سالہ گجران زوجہ رمیش اور ایک موٹر سائیکل سوار راہ گیر اعظم آرائیں شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے کولہی برادری کے افراد کا تعلق گاؤں مٹھو ڈھیر فقیر نزد اللہ دتو منگریو تعلقہ سندھڑی سے ہے جو سندھڑی سے گاؤں 160 میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے ۔ دوسری جانب زخمیوں میں گجران زوجہ رمیش اور راہول ولد لال چند کو حالت تشویشناک ہونے کے باعث میرپورخاص اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے دونوں موٹر سائیکلیں اور مسافر کوچ کو ڈرائیور سمیت تحویل میں لے لیا جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں