ٹریفک حادثات نہ رک سکے ، 3 افراد جاں بحق،ایک زخمی

 ٹریفک حادثات نہ رک سکے ، 3 افراد جاں بحق،ایک زخمی

نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے دو نوجوان جان سے گئےماڑی پور میں بس نے راہگیروں کو کچل دیا، ایک جاں بحق ، تحقیقات شروع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرِ قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ تین زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں 2 نوجوان موقع پر ہی جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ذرائع نے بتایا کہ لانڈھی کے رہائشی 6 دوست دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے فیضانِ مدینہ جا رہے تھے ۔ دونوں موٹر سائیکلوں پر 3، 3 دوست سوار تھے کہ اسٹیڈیم پل پر یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

اس حادثے میں 2 دوست جاں بحق، ایک زخمی ہوا جب کہ دوسری موٹر سائیکل پر سوار 3 دوست محفوظ رہے ۔دوسرا حادثہ ماڑی پور میں دعا ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار بس نے سڑک کنارے کھڑے لوگوں کو کچل دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 2 افراد زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مفرور ڈرائیوروں کی تلاش جاری ہے ۔واضح رہے کہ شہر میں ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا حادثات تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے ، شہر میں رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر210افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں