اسٹریٹ کرائمز نہ رک سکے ، دو ماہ میں ہزاروں شہری لٹ گئے
فروری میں 3 ہزار سے زائد گاڑیاں و موٹر سائیکلیں اور 1237 موبائل فونز چھینے گئےدو ماہ میں 90 افراد قتل، بھتہ خوری کے 56 واقعات رپورٹ، سی پی ایل سی رپورٹ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)رواں سال کے ابتدائی مہینوں کے دوران شہر میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کی چھینا جھپٹی کی وارداتیں تھم نہ سکیں ۔فروری میں مسلح ملزمان نے شہریوں کو کروڑوں روپے مالیت کی 3 ہزار 343 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا ، اسی دوران1237 موبائل فونز بھی شہریوں سے چھین لیے گئے ۔سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق پہلے دو ماہ (جنوری اور فروری)کے دوران شہری مجموعی طور 7 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے ۔ڈاکوؤں نے 2ہزار 677 موبائل فونز بھی چھین لیے ۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران شہر میں قتل و غارت گری کے واقعات میں 90 افراد موت کے گھاٹ اتار دیے گئے۔
شہر میں بھتہ خوری کے 56 واقعات سامنے آئے ۔ فروری میں مختلف علاقوں سے کار و موٹر سائیکل لفٹرز نے شہریوں سے 22 گاڑیاں اور 452 موٹر سائیکلوں چھین لیں۔ 143 گاڑیاں اور 2 ہزار 726 موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں۔فروری میں قتل و غارت گری کے واقعات میں 40 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ بھتہ خوری کے 27 واقعات پیش آئے جبکہ ایک واقعہ اغوا برائے تاوان کا بھی پیش آیا۔سی پی ایل سی کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں شہریوں کی کروڑوں روپے مالیت کی 40 گاڑیاں چھینی گئیں، 281 گاڑیاں چوری کرلی گئیں اور 869 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں، اس کے ساتھ 5 ہزار 818 موٹر سائیکلیں چوری بھی کی گئیں۔