ناقص دودھ کی فروخت کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

 ناقص دودھ کی فروخت کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کمشنرکی زیر صدارت اجلاس، ملیر، شرقی اور کیماڑی میں جانچ مہم شروع ہوگیلیبارٹریز، موبائل فوڈ سیفٹی ٹیمیں اور خصوصی چیکنگ پِکٹس قائم کی جائیں گی

کراچی(اے پی پی)کراچی انتظامیہ نے فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ناقص دودھ کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے ۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت تمام ڈپٹی کمشنرز اور فوڈ اتھارٹی کے افسران کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز ،ایڈیشنل کمشنر ٹو ،فوڈ اتھارٹی کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر ز نے کمشنر کراچی کو دودھ کے معیار کی شکایات کا جائزہ پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں دودھ کا معیار چیک کرنے پر دودھ کو ملاوٹ شدہ پایا گیا ہے ۔ اجلاس نے زور دیا کہ حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف دودھ کی فروخت کو روکنے کیلئے ترجیحی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع ملیر ،شرقی اور کیماڑی کے ڈپٹی کمشنرز فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر فوری طور پر جامع منصوبہ بندی کے ساتھ دودھ کامعیار چیک کرنے کیلئے مہم شروع کریں گے اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور متحرک فوڈ سیفٹی ٹیمیں قائم کی جائیں گی،یہ ٹیمیں دودھ میں پانی کی ملاوٹ کے ساتھ ساتھ ڈٹرجنٹ، یوریا اور فارملین جیسے مضر اجزاء کی جانچ بھی کریں گی۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ چیکنگ کے لیے خصوصی موبائل ٹیمیں بنائیں اور پکٹس قائم کر کے چیکنگ کریں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لی مارکیٹ میں دودھ کا معیار مستقل چیک کرنے کے لیبارٹری قائم کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں