مہاجر عوام کو ووٹ کو ہتھیار بنانا ہوگا،آفاق احمد

مہاجر عوام کو ووٹ کو ہتھیار بنانا ہوگا،آفاق احمد

مصنوعی قیادت نے عوام کو حقوق کی جدوجہد سے دور رکھنے کی سازش کیکٹھ پتلی قیادت میں حکومت سے علیحدگی کی جرات نہیں ،چیئرمین مہاجر موومنٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات کرنے والوں کو وفاق نے ہی دھوکہ دے دیا، 28ویں ترمیم کے ذریعے مہاجروں کو حقوق دینے کے وعدے بھی ڈھونگ ثابت ہوں گے ۔جمعے کے روز منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں مصنوعی قیادت مسلط کرکے شہری عوام کو ان کے حقوق کی جدوجہد سے دور رکھنے کی سازش کی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جس جماعت نے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات کی، اسی جماعت کا گورنر تک وفاق کو برداشت نہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جس وفاق نے سندھ کی شہری آبادی کو آدھا گن کر بڑی آبادی کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا۔

اس وفاق سے 28ویں ترمیم کے ذریعے مہاجروں کو حقوق دینے کے وعدوں پر یقین کرنا سراب کے پیچھے بھاگنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں پر مسلط کی گئی کٹھ پتلی قیادت میں حکومت سے علیحدگی کی جرات نہیں ہے اور یہ لوگ اپنے ہینڈلرز کی مرضی اور حکم کے بغیر حکومت سے علیحدگی کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ مہاجروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور مظالم کے خلاف مہاجر عوام کو اپنے ووٹ کو ہتھیار بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد حق اور سچ کی جدوجہد ہے اور ہم اپنی آنے والی نسلوں کو مایوسی اور غلامی کے اندھیروں میں چھوڑ کر نہیں جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں