حیدرآباد:طویل بجلی بندش نے زندگی اجیرن کردی، متحدہ

حیدرآباد:طویل بجلی بندش نے زندگی اجیرن کردی، متحدہ

یومیہ 12سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ معمول، ٹرپنگ کا سلسلہ بھی جاری رہتا پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا، حیسکو اور واسا اپنا قبلہ درست کریں، وسیم حسین

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) ایم کیو ایم (پاکستان) ڈسٹرکٹ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے حق پرست رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے کہا ہے کہ حیسکو نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ،فوری طور پر اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں لائن لاسز اور بجلی چوری روکنے کیلئے عملی طور پر ٹھوس اقدامات کرنے سے گریزاں ہیں، حیدرآباد میں بجلی کی گھنٹوں بندش کی وجہ سے نظام زندگی اور کاروبار شدید متاثر ہوکر رہ گیا ہے ، یومیہ 12سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ اس کے علاوہ بجلی کی ٹرپنگ کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو کے کرپٹ عملے کی جانب سے مبینہ طور پر متعدد صارفین کو کنڈا دے کر مبینہ طور پر ماہانہ لاکھوں روپے وصول کئے جارہے ہیں، اس ضمن میں حیسکو حکام ایکشن لینے کو تیار نہیں، دوسری جانب حیسکو کی طرف سے صارفین کو ڈیٹکشن بل ارسال کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا رمضان المبارک کے آ خری ایام میں حیسکو اور واسا کی ملی بھگت سے حیدرآباد میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے جس سے عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا حیسکو حکام اضافی ٹرانسفارمرز کا بندوبست کرے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری طور لگائے جاسکیں۔ انہوں نے کہا حیسکو اور واسا نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو اسمبلی میں آواز اٹھا ؤں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں