ایجوکیشن یونیورسٹی:400ملازمین کی پرسنل اپگریڈیشن منظور

ایجوکیشن یونیورسٹی:400ملازمین کی پرسنل اپگریڈیشن منظور

عالمی روابط کے فروغ کیلئے آفس آف انٹرنیشنل افیئرز کے قیام کی بھی منظوری

لاہور(خبر نگار )یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا 77واں سنڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کی ترقی، مؤثر حکمرانی اور تعلیمی جدت کے فروغ کیلئے اہم فیصلے کیے گئے ۔اجلاس کے دوران 400 سے زائد ملازمین کو ٹائم سکیل پرسنل اپگریڈیشن دینے کی منظوری دی گئی، جو یونیورسٹی کی جانب سے ملازمین کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔سنڈیکیٹ نے 5 کیمپس پرنسپلز اور مختلف شعبہ جات کیلئے 4 ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری دی، جبکہ سلیکشن بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین کی نامزدگی بھی منظور کی گئی تاکہ تقرریوں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے ۔اکیڈمک کونسل کی تقرریاں حتمی شکل دی گئیں، جس سے تعلیمی نظم و نسق مزید مضبوط ہوگا۔ اس کے علاوہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئے تعلیمی پروگرامز کے اجرا کی بھی منظوری دی گئی۔ بین الاقوامی روابط کے فروغ کے لیے آفس آف انٹرنیشنل افیئرز کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ مختلف اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کی توثیق کی گئی تاکہ تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دیا جا سکے ۔اجلاس میں سنٹر فار لائف لانگ لرننگ اینڈ لیڈرشپ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، جس کا مقصد پیشہ ورانہ ترقی اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں