واٹر کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ ٹاؤنز کے تحت کرنیکا مطالبہ
جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئر مینوں کا اجلاس ،دونوں اداروں پر شدید تنقیدحکومت کو مسائل میں دلچسپی نہیں، سزا اہل کراچی بھگت رہے ،منعم ظفر خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیرصدارت ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئر مینوں کا اجلاس ہوا جس میں شہر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ ٹاؤن چیئر مینوں نے عید الفطر کے دوران اپنے اپنے علاقوں میں کچرے کے ڈھیروں، سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر کارپوریشن کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے باعث مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں،یہ دونوں ادارے عوام کیلئے عذاب بنے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ان دونوں اداروں کو ٹاؤنز کے ماتحت کیا جائے تاکہ شہریوں کے مسائل حل ہوں ۔
منعم ظفرنے کہا کہ شہر کی ابتر صورتحال کے بعد بھی سندھ حکومت اور قابض میئر کو عوامی مسائل کے حل سے دلچسپی نہیں، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر کارپوریشن اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے اور ان کی نا اہلی و بد انتظامی کی سزا اہل کراچی کو بھگتنا پڑ رہی ہے ،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اختیارات و وسائل نچلی سطح پر منتقل کرنے کو تیار نہیں ، موجودہ صورتحال میں بھی آدھے سے زیادہ شہر پینے کے پانی سے محروم ہے ، شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے ،عید الفطر کے دنوں میں بھی صورتحال میں کوئی بہتری نظر نہیں آئی جبکہ بارش کے بعد خستہ حال سڑکوں، کچرے کے ڈھیروں اور سیوریج کے پانی نے صورتحال کو مزید ابتر کر دیا ہے۔