اندرون سندھ:حادثات، واقعات میں خاتون سمیت 4 جاں بحق

اندرون سندھ:حادثات، واقعات میں خاتون سمیت 4 جاں بحق

خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے ، لاڑکانہ میں معمر شخص کی لاش ملیحادثات اور واقعات حیدرآباد، محراب پور، شہدادپور اور لاڑکانہ میں پیش آ ئے

حیدر آباد، محراب پور، شہدادپور، لاڑکانہ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف شہروں میں حادثات اور واقعات میں خاتون سمیت4افراد جاں بحق، 19 زخمی ہوگئے ، جبکہ معمر شخص کی لاش ملی۔ حیدرآباد میں قاسم آباد کے علاقے ہادی نگر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 32سالہ ارباب کو زخمی کردیا ، جو اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی ہے یا کچھ اور معاملہ تحقیقات جاری ہیں۔جبکہ ٹھنڈی سڑک پر کار کی رکشے کو ٹکر کے نتیجے میں 65سالہ حمیدہ نامی خاتون زخمی ہوگئی، جسے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق مہران ہائی وے پر محمد شاہ اسٹاپ پر کھڑی خاتون مختیاراں چانڈیو پک اپ کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق خاتون عید ملنے رشتہ داروں کے پاس آئی تھی ۔ جبکہ جھلو تھانے کی حدود میں سیٹھارجہ سے سہون شہباز قلندر کے مزار پر جانے والے زائرین کی وین تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، جس سے خواتین، بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے ۔

زخمیوں کا تعلق سیٹھارجہ کے نواحی گاؤں محمد صادق کھبر سے ہے۔ محبت ڈیرو تھانے کی حدود گاؤں شاہ نواز خشک میں گھریلو مسائل سے دلبرداشہ 15 سالہ فہد خشک نے مبینہ طور پر گھر میں رکھی زہریلی دوا پی کر خودکشی کرلی۔ شہدادپور کے قیب گاؤں اللہ ڈنو خاصخیلی کے قریب 8 سالہ بچہ ساجد علی پاؤں پھسلنے سے نہر میں جا گرا۔ مقامی افراد نے بچے کی لاش نکال کر شہدادپور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کی۔ لاڑکانہ کے تھانہ علی گوہر آباد کی حدود پیر شیر روڈ کے علاقے سے نشہ کے عادی ضعیف شخص کی لاش ملی۔ پولیس نے شناخت نہ ہونے پر لاش ایدھی سینٹر کے حوالے کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں