حیدرآباد:ایچ ڈی اے کلب سمیت دیگر منصوبے تاخیر کا شکار

حیدرآباد:ایچ ڈی اے کلب سمیت دیگر منصوبے تاخیر کا شکار

15برس سے کام شروع نہ ہوسکا، مافیا قبضے میں مصروف،افسران، الاٹیز مایوس وزیراعلیٰ ،ڈی جی ایچ ڈی اے صورتحال کا نوٹس،منصوبے مکمل کرائیں،شہری

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد کی تحصیل لطیف آباد کوہسار زون میں مقامی افراد کے لئے ایچ ڈی اے کلب کی منظوری کے باوجود 15 سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن منصوبے پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی، جس کے باعث اس منصوبے کی تعمیرات کے بجٹ میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ کوہسار زون میں 15 ایکڑ زمین ایچ ڈی اے کلب کے لئے مختص کی گئی تھی اور ایچ ڈی اے کی گورننگ باڈی نے اس منصوبے کی منظوری بھی دیدی تھی لیکن 15 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اس منصوبے پر ابھی تک ایک فیصد بھی کام نہیں ہوسکا ہے ۔ ایچ ڈی اے کلب کی مختص زمین ویران پڑی ہے اور قبضہ مافیا اس زمین پر رفتہ رفتہ جھونپڑیاں ڈال کر اور تعمیرات کرکے قبضے میں مصروف ہے ۔ ایچ ڈی اے کے افسران کے لئے بنائے جانے والے کلب میں کام نہ ہونے سے مقامی آبادی اور ایچ ڈی اے کے افسران میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔ اسی طرح ایچ ڈی اے کی دیگر اسکیموں اور منصوبوں پر بھی کئی برس گزر جانے کے باوجود کوئی کام نہیں ہوسکا ہے ، جس کے باعث الاٹیز کو شدید مایوسی کا سامنا ہے ۔ حیدرآباد کے شہریوں نے وزیراعلیٰ سندھ ، وزیر بلدیات ، کمشنر ، میئر حیدرآباد، ڈی جی ایچ ڈی اے سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ایچ ڈی اے کلب سمیت دیگر منصوبوں کو جلداز جلد مکمل کرائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں