مسلم ممالک کے درمیان سکیورٹی اتحاد ناگزیر،الطاف شکور

مسلم ممالک کے درمیان سکیورٹی اتحاد ناگزیر،الطاف شکور

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ اتحاد کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرسکتے دنیا میں قانون کی نہیں، طاقت کی حکمرانی قائم ہو چکی ہے ، چیئرمین پاسبان

کراچی (سٹی ڈیسک)چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں جب بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے اور طاقتور ممالک بغیر کسی جواز کے کمزور ممالک پر حملے کر رہے ہیں، ایسے میں مسلم ممالک کے درمیان فوری سکیورٹی اتحاد کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے ،پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ اس اتحاد کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر حملہ اس وقت کیا گیا جب سفارتی مذاکرات جاری تھے جو اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ، آج کی دنیا میں انصاف کا نظام کمزور ہو چکا اور طاقت کا قانون غالب آ چکا ہے۔

اپنے بیان میں الطاف شکور نے مزید کہا کہ تیل سے مالا مال مسلم ممالک باہمی اتحاد کے فقدان کے باعث عالمی طاقتوں کیلئے آسان ہدف بن چکے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مصر، سعودی عرب، ایران، ترکیہ، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات اور پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو فوری طور پر ایک مشترکہ سکیورٹی اتحاد قائم کرنا چاہیے ۔ چاہے اس اتحاد کو’’مسلم نیٹو‘‘کا نام دیا جائے یا کوئی اور ،یہ مسلم دنیا کو ایک مضبوط دفاعی چھتری فراہم کرے گا۔ الطاف شکور نے ایران کی علاقائی اتحاد کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کو مشترکہ دفاعی نظام تشکیل دینا چاہیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں