ہیوی ٹریفک کی تباہ کاریاں جاری،بچی سمیت 3افراد جاں بحق

ہیوی  ٹریفک  کی  تباہ  کاریاں  جاری،بچی  سمیت  3افراد  جاں  بحق

واٹر ٹینکر کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے باپ زخمی، کے پی ٹی گیٹ نمبر 15کے قریب ٹریلر نے گدھا گاڑی کو روند ڈالا حب ریور روڈ پر پک اپ اور ٹریلر میں تصادم سے 6افراد زخمی،ناتھا خان پل پرموٹرسائیکلیں ٹکرانے سے ایک شخص چل بسا

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں بچی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کورنگی میں بلال چورنگی پر واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل پر سوار باپ بیٹی کو ٹکر مار کر گرا دیا، حادثے میں بیٹی جاں بحق اور باپ زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔حادثے کے بعد ڈرائیور واٹر ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ ادھر کیماڑی کے پی ٹی گیٹ نمبر 15 کے قریب ٹریلر نے گدھا گاڑی کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں گدھا گاڑی بان جاں بحق ہوگیا جبکہ گدھا شدید زخمی ہوا۔متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی۔ ایس ایچ او جیکسن عنایت اللہ مروت نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹریلر کو قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی تاہم عمر 45 سال کے قریب بتائی گئی۔اس کے علاوہ بن قاسم کے علاقے پورٹ قاسم برتھ نمبر 2 کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

دوسری جانب شارع فیصل ناتھا خان پل کے قریب سروس روڈ پر دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت چالیس سالہ لانس اقبال کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی عمریں پندرہ سے سترہ سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ادھر بلدیہ یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب حب ریور روڈ پر پک اپ اور ٹریلر میں تصادم کے باعث ایک شخص جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوگئے ۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے ۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ۔رواں سال شہر میں بے لگام ہیوی ٹریفک شہریوں کیلئے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک ہیوی ٹریفک کی زد میں آکر 83 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔سب سے زیادہ 37 ہلاکتیں ٹریلرز کی ٹکر سے ہوئیں جبکہ شہر میں دوڑتے واٹر ٹینکرز نے 23 قیمتی جانیں نگل لیں۔ دیگر حادثات میں بسوں کی ٹکر سے 11، مزدا سے 7 اور ڈمپرز کی زد میں آکر 5 افراد جاں بحق ہوئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں