پمپنگ اسٹیشنز پر لوڈشیڈنگ،پانی کی سپلائی کا نظام متاثر،شدید گرمی میں عوام پریشان

پمپنگ  اسٹیشنز پر لوڈشیڈنگ،پانی  کی  سپلائی  کا نظام متاثر،شدید گرمی  میں  عوام پریشان

واٹر کارپوریشن کے علاقائی سطح پر 70فیصد سے زائد پمپنگ اسٹیشنز لوڈشیڈنگ کا شکار،بیشتر علاقوں میں پانی کی سپلائی کا شیڈول متاثر،آبی قلت کے باعث ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی،شہری

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)واٹر کارپوریشن کے علاقائی پمپنگ اسٹیشنز طویل لوڈشیڈنگ کا شکار ہونے کے سبب شہر کے بڑے حصے میں پانی کی سپلائی کا نظام شدید متاثر ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے عوام اس وقت دہری اذیت کا شکار ہیں ایک تو شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے اوپر سے دوسرا شہر کے بڑے حصے میں پانی کی فراہمی کا نظام شدید متاثر ہوچکا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر میں واٹر کارپوریشن کے علاقائی سطح پر چھوٹے تقریباً 201پمپنگ اسٹیشنز قائم ہیں اس میں سے 70فیصد سے زائد پمپنگ اسٹیشنز بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شکار ہورہے ہیں پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی عدم فراہمی کے سبب بفرزون، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، اولڈ سٹی ایریا،ایف بی ایریا، شاہ فیصل کالونی،ناتھا خان گوٹھ، کورنگی اور لانڈھی سمیت بیشتر علاقوں میں پانی سپلائی کا شیڈول شدید متاثر ہے ۔ واٹر کارپوریشن کے متعلقہ حکام بھی اس تمام صورتحال پر پریشان ہیں اس کے علاوہ پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے سبب کراچی کے عوام نہ صرف شدید پریشانی سے دوچار ہیں بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کا غصہ بڑھتا جارہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آبی قلت کے باعث ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ،بجلی کے بڑے بڑے بل ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بجلی کی عدم فراہمی نے ان کی زندگی اجیرن بنارکھی ہے ۔ دوسری جانب کے الیکٹرک حکام کا دعویٰ ہے کہ شہر میں طویل لوڈشیڈنگ کی شکایات درست نہیں بجلی کی بندش ان علاقوں میں ہوتی ہے جہاں پر بل ادا نہیں کیے جاتے اور جہاں کوئی فالٹ آجاتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں