ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو قتل کی دھمکی
کراچی (این این آئی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل جبار ملک کو قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے ، نامعلوم ملزم نے ان کے چیمبر میں لفافے میں نائن ایم ایم کی گولی ڈال کر بھیجی۔
جان سے مارنے کی دھمکی اور انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت آرام باغ تھانے میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔جج ایپلٹ کونسل لوکل گورنمنٹ کے پرائیوٹ سیکریٹری کی جانب سے مقدمہ درج کروایا گیا۔ ایف آئی آر میں مدعی نے مقف اپنایا کہ ایپلیٹ کونسل لوکل گورنمنٹ کے عملے کو نہیں معلوم کہ لفافہ کس نے رکھا۔سہیل جبار ملک اس سے پہلے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں بطور جج تعینات تھے ، ان کے پاس سندھ کے ٹیرر فنانسنگ کے مقدمات زیر سماعت رہے ، انہوں نے کالعدم تنظیموں کے کارندوں کو سزائے موت سنائی۔پولیس حکام کے مطابق پولیس کی جانب سے کیس پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔