مٹھی:جھگڑے ، فراڈ کے 5مجرموں کو 3،3سال سزائے قید

مٹھی:جھگڑے ، فراڈ کے 5مجرموں کو 3،3سال سزائے قید

سول جج ڈیپلو کافیصلہ، ممتاز، منٹھار، ریاض، عبداللطیف، نسیم جاوید جیل منتقلنومولود بیٹے کوٹنکی میں ڈبو کرقتل کرنیوالے سفاک باپ کیخلاف مقدمہ درج

مٹھی (نامہ نگار)ڈیپلو کے سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ طارق علی میر جت کی عدالت نے جھگڑے کے مقدمے میں 4 اور فراڈ کے ایک مجرم کو سزا سنادی۔ جھگڑے کے مقدمے میں ممتاز، منٹھار، ریاض اور عبداللطیف راہموں کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ افراد ایک سال قبل جھگڑے کے دوران علی محمد راہموں کو زخمی کرنے میں ملوث تھے ۔ دوسری جانب کلوئی تھانے میں درج فراڈ کے مقدمے میں عدالت نے ملزم نسیم جاوید جٹ کو 3 سال قید اور 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا۔ ادھر مٹھی کے بجیر محلے میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک باپ نے مبینہ طور پر اپنے 25 روز کے بیٹے فیضان کو گھر کے اندر پانی کی ٹینکی میں پھینک کر قتل کر دیا۔ اس واقعے کا مقدمہ مقتول بچے کے نانا اللہ ڈنو بجیر کی مدعیت میں مٹھی تھانے میں ملزم باپ بچایو بجیر کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔ مدعی کے مطابق اس نے اپنی بیٹی کی شادی تقریباً تین سال قبل بچایو کے ساتھ کی تھی۔ بیٹی اکثر شکایت کرتی تھی کہ اس کا شوہر اس پر تشدد کرتا ہے ، جس پر برادری سطح پر کئی بار فیصلے بھی کئے گئے ۔ مدعی کا کہنا ہے کہ ملزم نے بچے کے اخراجات نہ دینے کے تنازع پر مشتعل ہو کر معصوم بچے کو پانی کی ٹینکی میں پھینک کر قتل کر دیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں