سکھر:ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرنوجوان قتل، 2افراد شدید زخمی
اے سیکشن تھانے کے قریب بیٹری شاپ پرواردات کی کوشش، وشال کمار نشانہ بنادولت پور میں 8موٹر سائیکل سواروں کی ہوٹل پرفائرنگ، 3افراد شدید زخمی ہوگئے
سکھر، دولت پور (بیورو رپورٹ، نمائندہ) سکھر میں تھانہ اے سیکشن سے چند قدم پر واقع شکار پور روڈ پر الشہباز بیٹری کی دکان پر مسلح افراد ڈکیتی کے ارادے سے داخل ہوئے ، جس پر نوجوان وشال کمار نے مزاحمت کی توملزمان نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے ، آنجہانی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، واقعہ کے حوالے سے تفتیش جاری ہے ، ہندو پنچائیت کے مکھی ایشور لعل کا کہنا تھا کہ ہندو کمیونٹی کے افراد کو ڈکیتی کے نام پر قتل کرنا معمول ہے ۔ ادھر دولت پور پرانا قومی شاہراہ ٹیلی فون ایکسچینج کے نزدیک قائم پلی ہوٹل پر موٹر سائیکل سوار 8 مسلح افراد کی فائرنگ سے گولیاں لگنے سے ہوٹل پر موجود 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
جن کو رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کردیا گیا، فائرنگ سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس واقعہ کی معلومات حاصل کررہی ہے ۔ اس موقع پر ہوٹل کے مالک مرتضیٰ پلی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار 8 مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہوٹل پر موجود 3 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں عجیب نواز حیدری، مقصود پلی ولد مجید پلی اور محمد امین شاہی شامل ہیں، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔