شہداد پور:پکوان سنٹر پر5لاکھ جرمانہ، مالک کی خودکشی کوشش
چھریوں کے وار سے غلام عباس زخمی، لوگ جمع ہونے پرفوڈ اتھارٹی اہلکار فرار
شہدادپور(نمائندہ دنیا)سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی سانگھڑ نے پکوان سینٹر پر چھاپہ مار کر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا، جس پر دکاندار غلام عباس جذباتی ہو گیا اور اس نے مبینہ چھریوں سے وارکر کے خود کو زخمی کر لیا۔ واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے اسے خودکشی کرنے سے بچایا۔ عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی لوگوں کا ہجوم جمع ہوا تو فوڈ کنٹرول اتھارٹی کے اہلکار موقع سے گاڑیاں لے کرروانہ ہو گئے ۔ زخمی غلام عباس کے مطابق ایک طرف کاروبار کی صورتحال خراب ہے اور وہ کرائے کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، دوسری جانب انہیں بلاجواز تنگ کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ان کے لیے ممکن نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اتھارٹی کے اہلکار بلیک میلنگ اور مبینہ سیٹنگ کے لیے دکانداروں کو ہراساں کرتے ہیں اور ہر بار شہریوں کو تنگ کرنے کے بعد مبینہ طور پر ماہانہ رقم طے کر کے چلے جاتے ہیں۔ دوسری جانب سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کے اہلکار لویت کمار مہیشوری کا مؤقف ہے کہ ٹیم معمول کے مطابق کارروائی کرنے گئی تھی، جہاں باورچی جذباتی ہو گیا۔ ان کے مطابق دکاندار کے والد نے معذرت کی،جس کے بعد ٹیم واپس آ گئی۔ اس سے پہلے بھی فوڈکنٹرول ٹیم مبینہ طور پر دکانداروں سے ہزاروں روپے بٹور کر کے لے جاتی رہی ہے ، وہ کوئی چالان کی رسید بھی نہیں دیتے ، ان ٹیموں کی بھی انکوائری کروائی جائے تاکہ پتہ چل سکے کے یہ پیسہ کس کھاتے میں جاتا ہے۔