میرپور خاص بورڈ، کرپشن الزام پر3سابق چیئرمین اینٹی کرپشن طلب

میرپور خاص بورڈ، کرپشن الزام پر3سابق چیئرمین اینٹی کرپشن طلب

گرفتار ہونیوالے سابق کنٹرولر انور علیم نے دوران تفتیش انہیں بھی ملوث قرار دیا تھاثمر رضا ڈیڑھ کروڑ، ذوالفقار شاہ 1.35 کروڑ، برکت علی نے 80 لاکھ لئے ، بیان

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)تعلیمی بورڈ میرپور خاص کے سابق تین چیئرمینز پر کروڑوں روپے رشوت لینے کا الزام سامنے آنے پرانہیں یونیورسٹیز و بورڈز ڈیپارٹمنٹ کے وزیر کے پرسنل سیکریٹری سمیت سیکریٹری اور دیگر افسران کو اینٹی کرپشن نے تحقیقات کے لیے طلب کر لیا، اینٹی کرپشن کی تحقیقات کے دوران نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، گرفتار سابق کنٹرولر انور علیم نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق انور علیم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سابق چیئرمین ثمر رضا ٹالپر کو ڈیڑھ کروڑ روپے رشوت دی جبکہ سابق چیئرمین ذوالفقار علی شاہ پر ایک کروڑ 35 لاکھ روپے اور سابق چیئرمین برکت علی حیدری پر 80 لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام سامنے آیا ہے۔

بورڈ میں ہونے والی کرپشن کی تحقیقات کے سلسلے میں اینٹی کرپشن میرپورخاص نے کل 24 اپریل کو یونیورسٹیز و بورڈز ڈیپارٹمنٹ کے وزیر کے پرسنل سیکریٹری نعیم قریشی، سیکریٹری یونیورسٹیز و بورڈز ڈیپارٹمنٹ عباس بلوچ، اور ڈپٹی سیکریٹری فرحان اختر کو متعلقہ ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے ۔ اس کے علاوہ رشوت لینے کے الزامات کا سامنا کرنے والے سابق تینوں چیئرمینز ثمر رضا ٹالپر، ذوالفقار علی شاہ، برکت حیدری سمیت دیگر افسران کو بھی تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب سابق کنٹرولر انور علیم کی سال 2016 سے لے کر اب تک مختلف بورڈز میں ہونے والی تقرریوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں