کوٹری:منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی ناکام، مکینوں کا اہلکاروں پرتشدد
پولیس اہلکاروں پرلاتوں گھونسوں کی بارش، پکڑے گئے 2 ملزمان بھی چھڑا لئےپی پی رہنما سمیت 12 افراد کے خلاف دہشتگردی، منشیات ایکٹ کا مقدمہ درج
کوٹری (نامہ نگار)کوٹری کے علاقے برفت محلے میں منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لئے پولیس اہلکاروں نے چھاپہ مارتے ہوئے 2 ملزمان احسان برفت اور رحیم برفت کو پکڑ کر ان کے قبضے سے آئس، چرس برآمد کرلی، اور اپنے ہمراہ لے جانے کی کوشش کی تو اس دوران ملزموں حامیوں کی بڑی تعداد نے پولیس کا گھیراؤ کرنے کے بعد اہلکاروں کی دھلائی کردی اور سخت تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے پکڑے جانے والے ملزمان کو چھڑالیا، اس دوران علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی جبکہ پولیس ملزمان کے بغیر برآمد ہونے والی منشیات لیکر تھانے لوٹ آئی، بعد ازاں سرکاری مدعیت میں فرار ہونے والے مذکورہ ملزمان اور ملزمان کو فرار کرانے والے علاقے میں دہشت پھیلانے سمیت ڈیوٹی میں رکاوٹ بننے میں ملوث پیپلز پارٹی کے سابق کونسلر میہار برفت، پیر بخش عرف پیرو شورو، رحیم برفت، احسان برفت، پیر بخش برفت، سجاد برفت، راحب برفت، مولا بخش برفت، نم برفت، وزیر برفت، بابر گھریانی اور عمران برفت سمیت دیگر نامعلوم افراد کیخلاف تین مقدمات درج کرلئے گئے۔ ڈی ایس پی کوٹری شاہنواز جوکھیو کا کہنا ہے کہ پولیس انتشاری گروپ سے نمٹنا جانتی ہے ، حملہ آوروں کو جلد قانون کی گرفت میں لایاجائے گا، ملزمان کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کوٹری پولیس منشیات کے خلاف اپنی کارروائیاں بھرپور انداز سے جاری رکھے ہوئے ہے۔