ایس ایس جی سی ایل پی جی کو قانونی نوٹس ارسال

ایس ایس جی سی ایل پی جی کو قانونی نوٹس ارسال

ایل پی جی کی زائد قیمت اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ چارجز وصول کیے گئے صارفین کو گمراہ کرنا غیر منصفانہ تجارتی عمل ہے ،ایڈووکیٹ فراز فہیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایل پی جی کی زائد قیمت اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ چارجز کی وصولی کے معاملے پر ایس ایس جی سی ایل پی جی لمیٹڈ کو قانونی نوٹس ارسال کردیا۔ نوٹس میں ایڈووکیٹ فراز فہیم موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صارف نے ایل پی جی سلنڈر کے حصول کے لیے کمپنی سے رابطہ کیا تاہم ہوم ڈلیوری کی سہولت فراہم نہ کیے جانے پر اسے خود مختلف مقامات پر جا کر سلنڈر حاصل کرنا پڑا۔ نوٹس کے مطابق صارف پہلے شارع فیصل پر قائم آؤٹ لیٹ گیا جہاں ری فل دستیاب نہ ہونے پر اسے گلشن اقبال بھیج دیا گیا، اس تمام عمل کے باوجود کمپنی نے ٹرانسپورٹ چارجز شامل کرتے ہوئے 4041 روپے کا بل جاری کیا۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت 304 روپے 12 پیسے فی کلو مقرر ہے ، جبکہ کمپنی کی جانب سے اضافی چارجز کی وصولی غیر قانونی ہے ۔ مزید کہا گیا کہ خود سلنڈر حاصل کرنے کے باوجود ٹرانسپورٹ چارجز کی مد میں ایک ہزار روپے وصول کرنا دھوکہ دہی کے زمرے میں آتا ہے ۔ نوٹس میں مؤقف اپنایا گیا کہ صارفین کو اس طرح گمراہ کرنا کنزیومر پروٹیکشن قوانین کے تحت غیر منصفانہ تجارتی عمل ہے ۔ ایڈووکیٹ فراز فہیم نے نوٹس میں مطالبہ کیا ہے کہ 15 روز کے اندر 50 ہزار روپے بطور ہرجانہ ادا کیا جائے بصورت دیگر کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں