وکلا کے لئے خصوصی ریڈ بسیں چلانے کا اعلان

وکلا کے لئے خصوصی ریڈ بسیں چلانے کا اعلان

ہاسٹل اور اسپتال منصوبوں کے پی سی ون کی تیاری مکمل ہوگئی،وزیرقانونوکلا کے بینیولنٹ فنڈ میں 300 فیصد اضافے اور سالانہ گرانٹ بڑھانے کی تجاویز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر قانون و داخلہ سندھ ضیائالحسن لنجار کا کراچی میں وکلا کے لئے خصوصی ریڈ بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ سندھ ہائیکورٹ کراچی میں منعقدہ اجلاس میں وزیر قانون و داخلہ ضیائالحسن لنجار نے بطور ممبر شرکت کی جبکہ وائس چیئرمین اشتیاق میمن، ایگزیکٹو چیئرمین ایاز تنیو، آصف سومرو، قربان ملانو، عامر نواز وڑائچ اور دیگر ممبران بھی شریک ہوئے ، اجلاس کے بعد وزیر قانون نے سندھ بار کونسل کے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔ اجلاس وکلاء کے بینیولنٹ فنڈ میں 300 فیصد اضافے اور سالانہ گرانٹ بڑھانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ وکلاء برادری کے لیے مخصوص ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ کراچی میں وکلاء کے لیے ہاسٹل اور اسپتال منصوبے پر پیشرفت ہوچکی ہے اور دونوں منصوبوں کے پی سی ون کی تیاری مکمل ہے۔

فیزیبلٹی تیار کرکے حکومت سندھ کو پیش کی جائے گی۔ اجلاس میں وکلاء کے لیے میڈیکل گرانٹس اور سہولیات میں اضافے ، نوجوان وکلاء کے لیے انٹرن شپ پروگرام متعارف کرانے ، سندھ بار کونسل کے فنڈز کے آڈٹ، رعایتی فضائی سفر کی سہولت اور رہائشی پلاٹس کی فراہمی کی تجاویز بھی زیر غور آئیں، اس کے علاوہ بار کونسل لائبریریوں اور ڈیجیٹل سہولیات کی بہتری پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر قانون ضیائالحسن لنجار کی تجویز پر ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی جو ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جبکہ انہوں نے وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں