بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسزکا12واں کانووکیشن

بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسزکا12واں کانووکیشن

نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں گولڈ اور سلور میڈلز تقسیم ہیلتھ سائنسز کے شعبے کا انتخاب انسانیت کی خدمت کا راستہ ،پروفیسرنازلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس کراچی کی 12ویں کانووکیشن تقریب ہفتہ کو ابنِ سینا آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں مجموعی طور پر 282 فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں ایم فل، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، ڈی پی ٹی، بی ایس نرسنگ اور ایم ایل ٹی کی ڈگریاں تقسیم کی گئیں، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو میڈلز اور میرٹ سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔کانووکیشن تقریب دو سیشنز پر مشتمل تھی۔ صبح کے سیشن کی صدارت مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل عابد حمید، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ریکٹر بحریہ یونیورسٹی نے کی، جبکہ دوپہر کے سیشن کی صدارت وائس چانسلر ڈا ؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر نازلی حسین نے کی۔فارغ التحصیل طلبہ سے حلف ڈین ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شازیہ شکور نے لیا، جس کے بعد ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل عابد حمید نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں گولڈ اور سلور میڈلز، میرٹ سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کیے۔

صبح کے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل عابد حمید نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن طلبہ اور ان کے والدین کی مشترکہ محنت، قربانیوں اور عزم کا ثمر ہے۔ دوپہر کے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر نازلی حسین نے فارغ التحصیل طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ سائنسز کے شعبے کا انتخاب دراصل انسانیت کی خدمت کا راستہ اختیار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے تعلیم کے میدان میں پاک بحریہ کا کردار قابلِ تحسین ہے ۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل بی یو ایچ ایس سی وائس ایڈمرل اطہر مختار، ہلالِ امتیاز (ملٹری)ریٹائرڈ نے ریکٹر بحریہ یونیورسٹی کو کانووکیشن سووینئر پیش کیا، جبکہ دوسرے سیشن میں ریکٹر بحریہ یونیورسٹی نے پروفیسر نازلی حسین کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں