ویکسین مہلک بیماریوں سے بچاؤ کا واحدطریقہ ،وزیر صحت

ویکسین مہلک بیماریوں سے بچاؤ کا واحدطریقہ ،وزیر صحت

حفاظتی ٹیکے بچوں کا بنیادی حق اور ان کے روشن مستقبل کی ڈھال ہیںبچوں کو جان لیوا بیماریوں سے بچانا ہمارا مشن ہے ،ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو

کراچی (این این آئی)صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہاکہ آج ہم دنیا بھر کے ساتھ مل کر عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات منا رہے ہیں۔ یہ ہفتہ ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ ویکسینز یا حفاظتی ٹیکے انسانی تاریخ کی وہ عظیم ایجاد ہیں جنہوں نے کروڑوں جانوں کو مہلک بیماریوں سے بچایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حفاظتی ٹیکے صرف ایک طبی عمل نہیں، بلکہ ہمارے بچوں کا بنیادی حق اور ان کے روشن مستقبل کی ڈھال ہیں۔ پولیو، خسرہ، نمونیہ، کالی کھانسی اور ہپاٹائٹس جیسی بارہ مہلک بیماریوں سے بچا کا واحد اور سب سے موثر طریقہ بروقت ویکسی نیشن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ کا عزم ہے کہ ہماری حکومت  توسیع شدہ پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات  کے ذریعے ملک بھر میں مفت اور معیاری ویکسینز کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے ۔ ہمارا مشن ہے کہ صوبائی سندھ کا کوئی بھی بچہ، چاہے وہ کسی بھی دور دراز علاقے میں ہو، ان جان لیوا بیماریوں کا شکار نہ ہو۔میری تمام والدین، سرپرستوں اور اساتذہ سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس ہر صورت مکمل کریں۔ اگر کسی وجہ سے کوئی خوراک چھوٹ گئی ہے ، تو فوری طور پر قریبی مراکزِ صحت سے رجوع کریں۔آئیے مل کر عہد کریں کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک صحت مند اور بیماریوں سے پاک معاشرہ فراہم کریں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں