گندم سمگلنگ روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

گندم سمگلنگ روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، چیکنگ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائےبین الاضلاعی و بین الصوبائی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھی جائے :کمشنر کی ہدایات

سرگودھا (سٹاف رپورٹر )سرگودھا سمیت ریجن بھر میں گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی کریک ڈاؤن اور سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم کی سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی سمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چیکنگ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور بین الاضلاعی و بین الصوبائی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھی جائے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر نے شرکت کی اور اپنے اپنے اضلاع میں گندم کی صورتحال اور اقدامات پر بریفنگ دی۔کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں یقینی بنائی جائیں تاکہ گندم کی دستیابی اور منصفانہ تقسیم کو برقرار رکھا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں