بھاگٹانوالہ :غیرقانونی گیس فلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)بھاگٹانوالہ میں پیرا فورس ٹیم نے زائد قیمتیں وصول کرنے والوں اور غیرقانونی گیس فلنگ و پٹرول ایجنسیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد دکانیں سیل کر دیں۔
جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر پیرا فورس ٹیم نے مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مارے اور اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔ دوران چیکنگ کئی دکاندار نرخ نامے آویزاں نہ کرنے اور من مانے دام وصول کرنے میں ملوث پائے گئے ، جنہیں موقع پر جرمانے کیے گئے ۔اسی طرح غیرقانونی گیس فلنگ اور بغیر لائسنس پٹرول ایجنسیوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا گیا۔ حفاظتی انتظامات کے فقدان اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔پیرا فورس حکام کے مطابق عوامی شکایات پر یہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری نرخوں کی پابندی کریں اور غیرقانونی کاروبار سے باز رہیں، بصورت دیگر مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔