لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس30سال بعد دوبارہ فعال
میئر کراچی نے تزئین و آرائش کے بعد اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیاگزشتہ چالیس سال کے دوران دانستہ حالات خراب کیے گئے ،مرتضیٰ وہاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 30 سال بعد تزئین و آرائش کے بعد لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کر دیا، جس کے بعد اس اہم عوامی سہولت کو دوبارہ فعال بنا دیا گیا ہے ۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور دیگر بھی موجود تھے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لانڈھی اور کورنگی کے عوام کو ماضی میں سازش کے تحت بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، تاہم اب انہیں بہتری کی خوشخبری دینے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیت صاف ہو تو اللہ منزل آسان کر دیتا ہے اور یہی جذبہ انہیں عوامی مسائل کے حل میں کامیاب بنا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تیس سے چالیس سال کے دوران دانستہ طور پر حالات خراب کیے گئے۔
1993 کے بعد کئی ادوار آئے مگر مسائل جوں کے توں رہے ، تاہم موجودہ انتظامیہ عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس کے سوئمنگ پول کو بھی جدید خطوط پر بہتر بنایا گیا ہے اور یہاں کم فیس پر ممبرشپ فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری فائدہ اٹھا سکیں۔حب کینال سے متعلق منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے پانی کے حصے میں اضافے کی درخواست کر دی گئی ہے اور عوام کو چاہیے کہ افواہوں پر کم توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے مقام پر تاریخی اہمیت کے پیش نظر شہداء کی یادگاریں قائم کی جائیں گی ۔