رینجرز کی کارروائی ،قادرو گروہ کے 3کارندے گرفتار
ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت میں ملوث ہیںملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، نقدی اور 2 موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لیاری سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ’’ قادرو گروہ ‘‘ سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان غلام قادر ولد علی شیراز، حارث نواز عرف گولڈن ولد حق نواز بلوچ اور لاریب ولد محمد انور کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 عدد موبائل فونز، نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 عدد موٹرسائیکل برآمد کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے علاقوں لیاری، گارڈن، سی ویو، آئی آئی چندریگر روڈ، اور ملیر میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت، موٹرسائیکل اور موبائل فون چھننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزم غلام قادر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اسلحہ کے زور پر تقریباً 70 سے 80 کے لگ بھگ موٹرسائیکل، 230 سے 250 موبائل فون شہریوں سے چھین چکے ہیں۔ جن کو فروخت کر کے 30 سے 35 لاکھ روپے بھی وصول کر چکے ہیں۔گرفتار ملزم غلام قادر سستے داموں غیر قانونی اسلحہ خریدنے اور منافع لے کر جرائم پیشہ افراد کو فروخت کرنے میں بھی ملوث ہے ۔ملزم غلام قادر اس سے پہلے بھی دو بار پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکا ہے۔