حافظ نعیم نے میئر شپ سے محرومی کو روگ بنالیا ، کرم وقاصی
ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی نے ماضی میں کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچایاایف ڈبلیو او 90 روز میں ریڈ لائن کا کام مکمل کرے گی،ترجمان میئر کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی کے ترجمان کرم اللہ وقاصی نے جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے حالیہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفین کی تنقید حقائق کے منافی اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے واضح طور پر شہر کی بہتری کی جانب پیش رفت کا ثبوت ہیں تاہم اپوزیشن جماعتیں اپنی سیاسی ناکامی چھپانے کے لیے بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہیں۔ جماعت اسلامی کی قیادت کو شہر کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور حافظ نعیم الرحمان کو میئر شپ نہ ملنے کا سیاسی غم آج بھی ان کے بیانات سے جھلکتا ہے ۔
ایم کیو ایم وہی جماعت ہے جس کے پاس ماضی میں طویل عرصے تک کراچی کا انتظام رہا لیکن انہوں نے شہر کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تباہ حال انفرااسٹرکچر، سیوریج کے مسائل اور شہری سہولیات کی کمی دراصل ماضی کی نااہلی اور بدانتظامی کا نتیجہ ہے ، جس کا بوجھ اب پیپلز پارٹی اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کے تعمیر ی کام میں تاخیر کا اندازہ ہے ، وزیراعلیٰ سندھ تاخیر پر معذرت کرچکے ہیں اور اسی لئے سندھ حکومت نے ریڈ لائن کی ذمہ داری ایف ڈبلیو او کے حوالے کردی ہے اور 90 روز میں کام مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی نے ماضی میں کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ۔