فلسطین فائونڈیشن کے تحت یوم نکبہ،صیہونی مظالم کی مذمت
احتجاج میں سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، وکلا ، اساتذہ کی شرکتفلسطین پر اسرائیل کا وجود غیر قانونی اور ناجائز ہے ،صابر ابومریم،معراج الہدیٰ ودیگر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں 15مئی کو فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لئے یوم نکبہ بعنوان یوم واپسی مہم منایا گیا۔ ملک بھر کی جامع مساجد میں بعد نماز جمعہ فلسطینی عوام کے حق واپسی کے مطالبہ کی حمایت کی گئی اور فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ناجائز قیام کے 78سال مکمل ہونے پر صیہونی مظالم اور دہشتگردانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کی گئی ۔ مہم کے تحت مرکزی احتجاج کراچی پریس کلب کے سامنے کیا گیا جہاں ملک بھر کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، وکلاء برادری، آرٹسٹ اور فنکاروں ، اساتذہ سمیت طلباء و طالبات اور مختلف طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین اور مردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں ڈاکٹر صابر ابو مریم ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ ،علامہ باقرعباس زیدی ،ندیم اعوان ،پنڈت وجے محراج ،سردار مگن سنگھ،یونس بونیری،علامہ عقیل انجم ،اسرار عباسی ،علامہ قاضی احمد نورازی ،ارم بٹ ،محمدحسین محنتی،علامہ مختار امامی ،جمشید حسین ،یاور عباس ،معاز نظامی ،قاضی زاہد،خلیل نورانی ،وحید یونس،علامہ مرزا طاہر علی،سمیت دیگر موجود تھے ۔ مقررین نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کا وجود غیر قانونی اور ناجائز ہے ۔قائد اعظم محمد علی جنا ح نے فلسطین پر صیہونی ریاست کے قیام کی سازشوں کو بھانپ کر پہلے ہی متنبہ کیا تھا کہ اس طرح کی ریاست ناجائز تصور کی جائے گی۔ مقررین کاکہنا تھا کہ ہم معرکہ حق کی کامیابی کا پہلا سال مکمل ہونے پر عوام، افواج پاکستان اور حکومت کو مبار ک باد پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ دشمن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے رہیں گے ۔