غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر ایس بی سی اے افسر معطل

غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر ایس بی سی اے افسر معطل

ریاض حسین کیخلاف بعض بااثر عناصر کو رعایت دینے سے متعلق شکایات بھی تھیںغیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کیلئے سخت، موثر اور مستقل اقدامات ناگزیر ،شہری حلقے

کراچی(این این آئی)مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور سرپرستی سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے ضلع غربی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض حسین کو معطل کر دیا۔ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں غیر قانونی تعمیرات، مبینہ کرپشن اور بعض افسران کی سرپرستی سے متعلق سنگین الزامات سامنے آئے تھے ، جس پر اعلیٰ حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا۔ تحقیقات کے دوران متعلقہ افسر کے کردار پر سوالات اٹھنے کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ضلع غربی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں میں مبینہ غفلت، غیر موثر نگرانی اور بعض بااثر عناصر کو رعایت دینے سے متعلق متعدد شکایات بھی موصول ہو رہی تھیں۔ اینٹی کرائم فار ہیومن رائٹس آرگنائزیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔شہری حلقوں نے ایس بی سی اے کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کیلئے سخت، موثر اور مستقل اقدامات ناگزیر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں