سرجانی میں انسداد تجاوزات آپریشن جاری ، غیر قانونی تعمیرات مسمار
کے ڈی اے کی ٹاؤن شپ اسکیم 41کے سیکٹر 10اور 13میں کارروائی،سائن بورڈز اور تشہیری مواد بھی ہٹا دیا گیا ویسٹ پولیس نے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا ،سرکاری زمینوں پرقبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا،ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے
کراچی (این این آئی) ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے )نے سرجانی ٹاؤن شپ اسکیم 41 کے سیکٹر 10 اور 13 میں غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات، سرکاری اراضی پر قبضوں اور دھوکہ دہی پر مبنی غیر قانونی ہاؤسنگ مارکیٹنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن تیسرے روز بھی جاری رکھا۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات اور ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی کے احکامات پر جاری کارروائی کے دوران متعدد غیر قانونی ڈھانچے ، تجاوزات اور سرکاری زمین پر قائم تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیا گیا، جبکہ غیر قانونی سائن بورڈز اور تشہیری مواد بھی ہٹا دیا گیا۔آپریشن کے دوران ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی، متعلقہ ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، پولیس کی بھاری نفری اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر موجود رہے تاکہ کارروائی کو پرامن اور موثر انداز میں مکمل کیا جاسکے۔
ضلع ویسٹ پولیس کی جانب سے چار روزہ جامع سکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا، جس کے تحت اینٹی رائٹ فورس، لیڈی پولیس اور مسلح اہلکار تعینات کیے گئے ۔کے ڈی اے حکام کے مطابق ناگزیر سکیورٹی وجوہات کے باعث کچھ عرصہ تعطل کا شکار رہنے والا آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا ہے اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔ محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے ڈائریکٹر شکیل احمد خان خود موقع پر موجود رہ کر آپریشن کی نگرانی کرتے رہے ۔ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل احمد خان کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا، غیر قانونی تعمیرات اور دھوکہ دہی پر مبنی ہاؤسنگ و مارکیٹنگ سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی سرکاری اراضی پر ناجائز قبضے یا غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرجانی ٹاؤن شپ اسکیم 41 میں مبینہ طور پر غیر قانونی مارکیٹنگ میں ملوث گلشنِ رحمن فیز 4 کے سائن بورڈز اور تشہیری مواد کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے تاکہ شہریوں کو گمراہ کن ہاؤسنگ اشتہارات سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ، تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور شہریوں کے مفادات کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کیلئے ادارہ ترقیات کراچی مکمل طور پر متحرک ہے ۔ کارروائی کے دوران ایگزیکٹو انجینئر سرجانی ٹان محمد حمزہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رحمت شاہ، محسن رضا اور دیگر افسران بھی شریک رہے ۔