کافی شاپ میں واش روم تنازع پر جھگڑا،مقدمہ درج
معمولی تکرار پرتشدد جھگڑے میں تبدیل، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹیپو سلطان روڈ پر واقع ایک کافی شاپ میں واش روم کے استعمال پر معمولی تکرار نے پرتشدد جھگڑے کی شکل اختیار کر لی،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ٹیپو سلطان روڈ پر واقع ایک کافی شاپ میں واش روم کے تنازع پر جھگڑے کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کر لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ۔ایف آئی آر اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مدعی عبدالسمیع اپنے تین دوستوں کے ہمراہ کافی شاپ میں موجود تھا۔ اس دوران اس کا دوست عبدالمعیز واش روم گیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر دروازہ زور زور سے بجایا۔واش روم سے باہر آنے کے بعد نامعلوم شخص نے عبدالمعیز کو دوبارہ اندر جانے سے روکا اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہو گئی۔ معاملہ بڑھا تو جھگڑا ہوگیا، پولیس کے مطابق کچھ دیر بعد مذکورہ شخص مزید افراد کو ساتھ لے کر واپس آیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں آنے والے افراد کے ہاتھوں میں اسلحہ، ڈنڈے اور لاٹھیاں نظر آ رہی ہیں۔ملزمان نے مبینہ طور پر عبدالسمیع اور اس کے دوستوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مدعی کی ناک اور جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان گالم گلوچ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے