لین کی خلاف ورزی،گیارہ مختلف کیٹیگریز کی گاڑیوں کے خلاف کارروائی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں لین ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کے خلاف فیس لیس چالان سسٹم کے پہلے روز مجموعی طور پر 96 چالان جاری کیے گئے ۔
ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق تمام فیس لیس چالان میٹروپول سے ایئرپورٹ جانے اور آنے والی شاہراہ پر جدید کیمروں کی مدد سے کیے گئے ۔ پہلے روز گیارہ مختلف کیٹیگریز کی گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔رپورٹ کے مطابق موٹرسائیکل سواروں کے سب سے زیادہ تینتالیس چالان کیے گئے ، جبکہ سوزوکی پک اپ گاڑیوں کے اکیس چالان جاری ہوئے ۔ اس کے علاوہ کاروں کے نو، منی بسوں کے چھ اور وینز کے چار چالان کیے گئے ٹریفک پولیس کے مطابق منی ٹرک اور ٹرک کے تین تین، جبکہ بڑی بسوں اور کوسٹرز کے دو دو چالان جاری کیے گئے ۔ واٹر ٹینکرز کے دو اور ایک ڈبل کیبن گاڑی کا بھی چالان کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ تمام چالان مقررہ لین کی خلاف ورزی پر کیے گئے ، جبکہ فرسٹ لین میں آہستہ رفتار سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی فیس لیس چالان جاری کیے گئے ۔ٹریفک پولیس کے مطابق لین ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کی نگرانی جدید کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے اور اس نظام کا مقصد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور حادثات کی شرح میں کمی لانا ہے